شہر کے اُفق پر کالی گھٹاؤں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جبکہ مطلع ابر آلود ہے۔ رات بھر جاری رہنے والی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور فضا میں خنکی اور ٹھنڈک میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد ہے۔ اس کے علاوہ 14 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بھی شہر میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے جبکہ آئندہ چند روز تک مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں بارشوں کا یہ سلسلہ 30 مارچ تک جاری رہنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی اور گرد و نواح میں بھی بارش کے بعد درجہ حرارت میں کمی آئی ہے، جس سے ہلکی سردی کا احساس ہونے لگا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، کشمیر، خیبر پختونخوا، بالائی و وسطی پنجاب، گلگت بلتستان، شمال مشرقی بلوچستان جبکہ جنوبی پنجاب کے مختلف مقامات پر تیز بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ سندھ اور دیگر علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں ژالہ باری اور بلند پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔
مزید برآں، آئندہ دو روز کے دوران کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔


