طلحہ اشرف:لاہور کے مختلف علاقوں میں رات گئے ہونے والی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا اور صبح کے اوقات میں ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں تیز بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔
ٹاؤن شپ، گرین ٹاؤن، کچا جیل روڈ، ماڈل ٹاؤن اور پیکو روڈ کے اطراف رات گئے بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد شہر کا موسم خوشگوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے جبکہ شہر کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری تک جانے کا امکان ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 49 سے 65 فیصد رہا ہے،ہوا 6 سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں بھی مغربی ہواؤں کا سسٹم اثر انداز ہو رہا ہے، جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ صدر، ایم اے جناح روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، پی آئی ڈی سی، بلدیہ اور سائٹ کے علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ 29 مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ آئندہ پورا ہفتہ موسم خوشگوار رہے گا۔


