بادامی باغ کے علاقے میں شدید بارش اور تیز ہوا کے باعث ایک خستہ حال مکان کی چھت زمین بوس ہو گئی، جس کے نتیجے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے اور دو دیگر زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق ریسکیو اہلکار اور ایمرجنسی گاڑیاں قوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں میں مصروف ہو گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم ملبے تلے سے دو افراد کو زندہ نکالنے میں کامیابی ہوئی، تاہم چھت گرنے کے حادثے میں دو افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر نواز شریف اسپتال یکی گیٹ منتقل کیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ مکان کی چھت ٹی آر گارڈر سے بنی ہوئی تھی اور بارش و تیز ہوا کی وجہ سے اچانک گر گئی۔
حادثے میں 25 سالہ قاسم جاوید اور 18 سالہ اویس ولد جاوید جاں بحق ہوئے، جبکہ 18 سالہ صباحت ولد جاوید اور 45 سالہ پروین زوجہ جاوید زخمی ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ ظفر پارک سٹریٹ نمبر 11 سبزی منڈی بادامی باغ میں پیش آیا۔


