کشمور میں تحصیل ہسپتال کے دفتر کے اندر خواجہ سرا ٹک ٹاکر کی ڈانس ویڈیو وائرل ہونے کے معاملے پر ٹک ٹاکر کا مؤقف بھی سامنے آ گیا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ تاحال معاملے سے لاعلم بتائی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کشمور کے تحصیل ہسپتال کے دفتر کے اندر خواجہ سرا ٹک ٹاکر کی ڈانس ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی، جس کے بعد شہریوں اور سماجی حلقوں میں شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔ وائرل ویڈیو میں ٹک ٹاکر کو ہسپتال کے دفتر کے اندر ڈانس کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
خواجہ سرا ٹک ٹاکر نے اپنے بیان میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ یہ کسی افسر کا دفتر ہے۔ ٹک ٹاکر کے مطابق ہسپتال کا دفتر انہیں خوبصورت لگا جس کی وجہ سے انہوں نے وہاں ٹک ٹاک ویڈیو بنا لی، اور اس ویڈیو میں ان کی ایک ساتھی ٹک ٹاکر بھی موجود تھی۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈمنسٹریٹر احسان دایو کی ملی بھگت سے ٹک ٹاکر سے ہسپتال کے اندر ڈانس کروایا گیا ، ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سیاسی و سماجی تنظیموں اور شہریوں میں غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔
شہریوں اور سیاسی وسماجی تنظیموں نے فوری طور پر حکام بالا سے نوٹس لیکر ایڈمنسٹریٹر احسان دایو اور ٹک ٹاکر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ بصورت دیگرسخت احتجاج کیا جائے گا۔
ادھر ذرائع کے مطابق خواجہ سرا کی ہسپتال کے اندر ویڈیو وائرل ہونے کے باوجود ضلعی انتظامیہ تاحال اس معاملے سے بے خبر بتائی جا رہی ہے، جبکہ شہریوں نے فوری تحقیقات اور ذمہ داروں کے تعین کا مطالبہ کیا ہے۔


