وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کیجانب سے 28 مارچ کو صوبہ بھر میں “ارتھ آور” منائے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
مریم نواز شریف نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس دن ارتھ آور منانے میں بھرپور حصہ لیں۔
ذرائع کے مطابق 28 مارچ کو رات ساڑھے 8 سے ساڑھے 9 بجے تک پنجاب بھر میں تمام غیر ضروری روشنیاں بند کی جائیں گی۔
ارتھ آور منانے کی مہم میں اشتراک کار کے لیے سیکرٹری ماحولیات کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئر وزیر مریم اورنگزیب صوبہ بھر میں مہم کی مانیٹرنگ کریں گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ارتھ آور مہم کا مقصد عوام میں توانائی کے محفوظ استعمال کا شعور بیدار کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماحول کو ترجیحات میں شامل کرنے کے لیے ڈبلیو ڈبلیو ایف کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔
مریم نواز شریف نے عوام سے کہا کہ وہ توانائی کی بچت کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، جبکہ نوجوان بھی دنیا بھر میں توانائی کے تحفظ کی مہم میں حصہ لیں۔
واضح رہے کہ ارتھ آور کے موقع پر وزیراعظم ہاوس،پارلیمنٹ،ایوان صدر کی بتیاں بھی بند کی جائیں گی ۔
مزید برآں، ایک گھنٹے کیلئے تمام وفاقی وزارتوں اور اداروں کی لائٹیں بھی بند ہوں گی۔


