صوبائی دارالحکومت میں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آسمان پر کبھی بادل چھائے رہتے ہیں تو کبھی سورج پوری آب و تاب کے ساتھ نمودار ہوتا ہے، جس سے موسم میں خوشگوار تبدیلی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
شہر کا موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری اور کم سے کم 19 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد ہے جبکہ 5 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جو موسم کو مزید معتدل بنا رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے آج شہر میں بارش کی پیشگوئی کی ہے اور امکان ظاہر کیا ہے کہ دن کے مختلف اوقات میں بارش ہو سکتی ہے۔ مزید یہ کہ بارشوں کا یہ سلسلہ 30 مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اسلام آباد اور کراچی سمیت مختلف شہروں میں آج گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیشگوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے زیرِ اثر کراچی میں بارش کے مختلف اسپیلز متوقع ہیں، جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی آج شام اور رات کے اوقات میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کے بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
صبح کے وقت درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن میں یہ بڑھ کر 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے، ہوا کی رفتار 13 کلومیٹر فی گھنٹہ اور نمی کا تناسب 32 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے موسم مزید سرد ہونے کا امکان ہے۔


