نجاب حکومت نے گریٹر اقبال پارک اور بادشاہی مسجد کے راستوں کو علیحدہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ تفریح کے لیے آنے والے اور تاریخی مقامات دیکھنے والے زائرین کے لیے آمد و رفت کو آسان اور منظم بنایا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں پی ایچ اے نے درمیانی راستے پر جدید یورپین ڈیزائن کی فینس لگانے کا کام شروع کر دیا ہے۔
یہ فیصلہ سابق وزیر اعلیٰ نواز شریف کی زیر صدارت پرانے لاہور کے بحالی منصوبے کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔
منصوبے کے تحت فینس کی تنصیب سے گریٹر اقبال پارک کے تفریحی زائرین اور تاریخی مقامات جیسے بادشاہی مسجد اور شاہی قلعہ دیکھنے والے افراد کے راستے واضح طور پر علیحدہ ہو جائیں گے۔
پی ایچ اے کی جانب سے منصوبے پر لاگت کا تخمینہ تقریباً 10 کروڑ روپے لگایا گیا ہے اور کنٹریکٹرز نے موقع پر تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا ہے۔
اس سے قبل سرکلر روڈ ختم کرکے اقبال پارک، بادشاہی مسجد اور شاہی قلعہ کو ایک ون یونٹ کے طور پر منظم کیا گیا تھا، جبکہ اب نئے اقدامات سے زائرین کی سہولت اور تاریخی مقامات کی حفاظت مزید یقینی بنائی جائے گی۔


