بھارتی ریاست راجستھان سے تعلق رکھنے والی 30 سالہ اداکارہ و ماڈل ہرشل کالیا خوفناک ٹریفک حادثے میں جان کی بازی ہارگئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ہرشل کالیا کام سے واپس گھر جا رہی تھیں، اس دوران اِن کی گاڑی بے قابو ہو کر سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر اُلٹ گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ کی گاڑی تیزی سے ڈیوائیڈر سے ٹکرائی اور قلابازیاں کھاتے ہوئے دور جا گری، مقامی افراد نے فوری طور پر گاڑی سیدھی کر کے اداکارہ کو باہر نکالا اور نجی ہسپتال منتقل کیا تاہم شدید سر کی چوٹوں کے باعث ڈاکٹرز نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
پولیس حکام کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد لاش اہلِ خانہ کے حوالے کر دی گئی ، حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔واضح رہے کہ ہرشل کالیا ویب سیریز ’’کرائم نیکسٹ ڈور‘‘ میں کام کر چکی تھیں،اس کے علاوہ وہ ایک نیوز چینل پر اینکر بھی رہیں اور متعدد راجستھانی گانوں میں مرکزی کردار ادا کیا، حالیہ دنوں میں وہ ماڈلنگ کے شعبے میں کافی سرگرم تھیں۔


