محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس، محکمہ زراعت،انتظامیہ ومحکمہ اطلاعات کو کپاس کی کاشت کا رقبہ بڑھانے کیلئے مہم چلانے کی ہدایت

 پنجاب حکومت صوبے میں کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لئے سرگرم عمل ہوگئی۔ نگران وزیراعلی محسن نقوی کی ہدایت پر صوبے میں کپاس کی کاشت کے رقبے کا ٹارگٹ 50لاکھ ایکڑ اور پیداوار کا ٹارگٹ 82 لاکھ گانٹھ مقرر کردیا گیا اورہر ڈویژن وڈسٹرکٹ کو کپاس کے زیر کاشت رقبے او رپیداوار کا ٹارگٹ حاصل کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔اسی طرح کپاس کا زیر کاشت رقبہ اور پیداوار بڑھانے کے لئے کسانوں کو خصوصی مراعاتی پیکج دینے کا بھی اصولی فیصلہ کر لیا گیاہے، کاشتکارو ں کو زرعی مداخل اور آسان قرضے دینے کی تجویز پرغورکیاگیا۔نگران وزیراعلی نے پنجاب بینک سے تفصیلی پلان طلب کرلیا۔ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ کمشنرز او رڈپٹی کمشنرز کپاس کے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے کاشتکاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں، کپاس کی کم ازکم امدادی قیمت 8500روپے مقرر کی گئی ہے۔

محسن نقوی نے کپاس کے سرٹیفائیڈ بیج کی دستیابی ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ سرٹیفائیڈ بیج کے حصول کے لئے وفاقی حکومت سے بھی معاونت حاصل اور ناقص بیج و جعلی پیسٹی سائیڈ ز بیچنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔اسیطرح کپاس کے اہداف حاصل کرنے والے کاشتکاروں، انتظامی افسران اور محکمہ زراعت کے عملے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

نگران وزیراعلی پنجاب نے لندن روانگی سے قبل خصوصی اجلاس میں محکمہ زراعت،انتظامیہ اور محکمہ اطلاعات کو کپاس کی کاشت کا رقبہ بڑھانے کیلئے بھرپور مہم چلانے کا حکم دیا۔اجلاس میں صوبائی وزرا ایس ایم تنویر، عامر میر، اپٹما کے پیٹرن انچیف گوہر اعجاز،فواد مختار، شاہد ستار، ڈاکٹر جواد، سیکرٹریز،چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ،چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی جبکہ چیف سیکرٹری، سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب، کمشنرز اورزرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

By admin

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *