کپاس کی فصل کا ملک کی اقتصادی ترقی، برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے میں بنیادی کردار ہے،کمشنرساہیوال
کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ کپاس کی فصل کا پاکستان کی اقتصادی ترقی، برآمدات میں اضافے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے میں بنیادی کردار ہے جس کی زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنا بنیادی قومی ذمہ داری ہے۔ محکمہ زراعت کپاس کی بوائی کے اس جاری سیزن میں کسانوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے تاکہ زیادہ سے زیادہ رقبے پر کپاس کی کاشت ممکن ہو سکے۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں کپاس کی کاشت میں اضافے کے لئے ہونے والے جائزہ اجلاس میں بتائی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈائریکٹر زراعت چوہدری محمد شہباز سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے محکمہ زراعت کی فیلڈ فورس کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ دیہات کی سطح پر کسانوں سے رابطہ رکھیں، انہیں کپاس کی کاشت کی ترغیب دیں اور نمبرداروں کی خدمات بھی حاصل کریں۔ اجلاس میں ڈائریکٹر زراعت چوہدری محمد شہبازاختر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے کسانوں کے لئے اس سال8500 روپے فی من ریٹ مختص کر دیا ہے جس سے زیادہ کاشت ممکن ہو گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پچھلے سال ساہیوال ڈویژن میں ایک لاکھ3ہزار ایکڑ پر کپاس کاشت کی گئی جبکہ2لاکھ سے زائد بیلز پیداوار حاصل ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ کپاس کی فصل مئی کے آخر تک کاشت کی جا سکتی ہے جبکہ اب تک45ہزار ایکڑ رقبے پر کپاس کاشت کی جا چکی ہے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کپاس کے کیڑوں کے خاتمے کے لئے کرم کش ادویات کی کوالٹی کو بھی یقینی بنانے اور جعلی ادویات میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔