پنجاب حکومت دوسرے صوبوں اور مقامی شوگر ملوں کے اشتراک سے چینی کی سمگلنگ روکنے کے لیے موثر نظام وضع کر رہی ہے،ترجمان
پنجاب حکومت دوسرے صوبوں اور مقامی شوگر ملوں کے اشتراک سے چینی کی سمگلنگ روکنے کے لیے موثر نظام وضع کر رہی ہے-جس کے تحت دوسرے صوبوں کو چینی کی نقل وحمل کے لیے متعلقہ ضلع انتظامیہ کا پرمٹ ضروری ہو گا۔ ترجمان کے مطابق چیک پوسٹوں کو موثر بنایا جا رہا ہے،پنجاب کے اندر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن شروع ہے۔ سیکرٹری خوراک زمان وٹو کی ہدایات کے مطابق اب تک 40ہزار سے زائد چینی کی بوریا ں برآمد ہو چکی ہیں، دیگر مقامات پر بھی ذخیرہ اندوزی کی اطلاعات ہیں جس کے لیے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی جا چکی ہیں مزید براں سٹہ بازوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سٹہ بازی کے قانون کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ترجمان محکمہ خوراک نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام الناس کو اشیائے ضروریہ مناسب نرخوں پر فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔