سنیئر ممبر نبیل جاوید کی زیر صدارت بورڈ آف ریونیو کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس بورڈ کمیٹی روم میں منعقد ہوا
سنیئر ممبر نبیل جاوید کی زیر صدارت بورڈ آف ریونیو کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس بورڈ کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر ٹیکسز ثاقب منان ، ممبر کالونیز ، ڈی جی پی ڈی ایم اے فلائیٹ لیفٹیننٹ ریٹائرڈ عمران قریشی ، ڈی جی پی ایل آر اے سائرہ عمر، سیکرٹری ریونیو مہر شفقت اللہ مشتاق ، ڈپٹی سیکرٹری سٹاف رومان برآنہ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شیراز احمد سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک تھے سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید کو بورڈ آف ریونیو کے سنیئر افسران سمیت منسلک اداروں کے افسران نے کارکردگی رپورٹ پیش کی جس پر ایس ایم بی آر نبیل جاوید نے محکموں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار اور شہریوں کو مزید بہتر سروسز فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر ایس ایم بی آر نبیل جاوید نے کہا کی تمام افسران و ملازمین دلجمی سے کام کریں اور دفاتر میں آنے والے شہریوں کیساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس کولیکشن ٹارگٹ کو بروقت مکمل کیا جائے اور جاری ترقیاتی سکیموں کو افسران خود مانیٹر کریں اور ان کو بروقت مکمل کروانے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ افسران سیٹزن پورٹل پر موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کریں اور ڈیجٹل گردواری کو بروقت مکمل کروائیں اور بچ جانے والے موضع جات کو جلد از جلد کمپیوٹرائزڈ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ آر سی ایم ایس سرویلنس سسٹم کے زریعے نائب تحصیلدار سے لے کر ممبر بورڈ تک کےافسران کی کارکردگی کو جانچا جائے گا ، سرکاری کاموں میں سستی اور کاہلی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کے خلاف تادیبی کاروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔
انہوں نے ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سب رجسٹرار، اسٹیمپ وینڈر کی ٹریننگ کو یقینی بنایا جائے اور پنجاب بھر کے اراضی سنٹرز میں بہتری کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ دیہی مراکز مال منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس سے شہری اپنے گھر کی دہلیز پر ریونیو سروسز حاصل کر رہے ہیں ۔
ایس ایم بی آر نبیل جاوید نے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے فلائیٹ لیفٹیننٹ ریٹائرڈ عمران قریشی کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات میں استعمال ہونے والے سامان کی دستیابی کو ضلعی سطح پر یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں ، پری مون سون اور ممکنہ سیلاب کے خطرات کو پیش نظر رکھتے ہوئے حفاظتی انتظامات کو حتمی شکل دی جائے۔انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل ڈائزاسٹر اور سموگ کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات بھی اٹھائے جائیں ، پی ڈی ایم اے آئل و گیس پائپ لائن کمپنیز کے ساتھ موثر کوارڈینیشن کے عمل کو جاری رکھے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی کنٹرول روم سمیت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو مکمل فعال کیا جائے۔
ایس ایم بی آر نبیل جاوید نے کہا کہ بورڈ آف ریونیو کو جدید راہوں پر استوار کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں جبکہ پنجاب کے شہریوں کو بہترین ریونیو سروسز کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔