محکمہ لائیو سٹاک نے مویشی پال حضرات کیلئے مشاورتی سروسز کا آغاز کر دیا
حکومت پنجاب لائیو سٹاک فارمرز کو دودھ و گوشت کی بہترین پیداوار کے حصول کیلئے تمام ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے جبکہ لائیوسٹاک فارمرز کیلئے خصوصی مشاورتی مہم کا بھی آغاز کیا گیا ہے تا کہ وہ ماہرین لائیوسٹاک کے مشوروں سے مستفید ہو کر گوشت اور دودھ کی پیداوار میں اضافہ سمیت معاشی ترقی و اقتصادی استحکام میں معاون ثابت ہوسکیں اور ملکی غذائی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ اضافی دودھ و گوشت اور اس سے تیار ہونے والی دیگر مصنوعات برآمد کر کے قیمتی زرمبادلہ کمایا جاسکے۔
ماہرین لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے بتایا کہ جانوروں خصوصاً دودھ دینے والے مویشیوں کو تازہ اور وافر مقدار میں پانی کی فراہمی اشد ضروری ہے کیونکہ اس سے جہاں مویشیوں کو کئی بیماریوں سے بچایا جاسکتا ہے وہیں دودھیل جانوروں کی دودھ کی پیداوار میں بھی اضافہ ممکن ہے جبکہ اس عمل سے جانوروں کی بہتر افزائش نسل بھی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے اس سلسلہ میں ایک فری ہیلپ لائن بھی قائم کر رکھی ہے لہٰذا مویشی پال حضرات اس سلسلہ میں مزید معلومات فری ہیلپ لائن08000-9211 سے صبح 8 سے رات 8 بجے تک حاصل کرسکتے ہیں۔