مارچ میں سیمنٹ کی فروخت میں 24.19 فیصد کمی
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق مارچ 2023کے مہینے میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 3.795ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال مارچ کی 5.006ملین ٹن فروخت سے 24.19فیصد کم رہی۔ اعدادوشمار کے مطابق مارچ 2023میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 3.356ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال مارچ کی مقامی فروخت 4.710ملین ٹن سے 28.75فیصد کم رہی،مارچ 2023میں سیمنٹ کی ایکسپورٹ 4لاکھ38ہزار433ٹن رہی جو مارچ 2022کی 2لاکھ95ہزار 321ٹن ایکسپورٹ کے مقابلے میں 48.46فیصد زائد رہی۔
رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ جولائی تا مارچ کے دوران سیمنٹ کی مجموعی (مقامی و ایکسپورٹ) فروخت 33.6ملین ٹن رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں کی گئی 40.769 ملین ٹن فروخت سے 17.59فیصد کم رہی۔ رواں مالی سال جولائی تا مارچ سیمنٹ کی مقامی فروخت 30.564ملین ٹن رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کی مقامی فروخت 36.126ملین ٹن کے مقابلے میں 15.40فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔
رواں مالی سال جولائی تا مارچ سیمنٹ کی ایکسپورٹ 34.62فیصد کمی سے 3.036ملین ٹن رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں 4.643ملین ٹن سیمنٹ ایکسپورٹ کی گئی تھی۔آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ترجمان کے مطابق شمالی اور جنوبی علاقوں میں تعمیراتی سرگرمیاں کئی ماہ سے نمایاں طور پر سست روی کا شکار ہے جو سیمنٹ انڈسٹری کے ساتھ ساتھ تعمیراتی سرگرمیوں سے وابستہ ہنرمند اور غیرہنرمند مزدوروں کے روزگار میں بھی کمی کا سبب بن رہی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام، شرح مبادلہ میں مسلسل کمی اور کمزور معاشی اشاریوں کی وجہ سے سیمنٹ سمیت دیگر تمام صنعتی شعبے بھی بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔