کراچی چیمبر آف کامرس 31 مارچ شام پانچ بجے تک ممبرشپ کی تجدید کے لئے کھلا رہے گا
کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری 31 مارچ 2023 بروز جمعہ شام پانچ بجے تک ممبرشپ کی تجدید کے لئے کھلا رہے گا جو کہ رکنیت کی تجدید کا آخری دن ہے۔ جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس وقت کراچی چیمبر میں سال 2023-24 کے لئے رکنیت کی تجدید کا عمل جاری ہے اور چونکہ جمعہ کو رکنیت کی تجدید کی آخری تاریخ ہے لہذا کے سی سی آئی کی انتظامیہ نے صبح 9:30بجے سے شام 5:00بجے تک رکنیت کا شعبہ صرف تجدید کے لیے کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ دوپہر 12:30 بجے سے 2:00 بجے تک وقفہ برائے نماز جمعہ ہوگا۔
کے سی سی آئی کی جانب سے سالانہ ممبرشپ کی تجدید کے حوالے سے پہلے ہی ممبران کو ایس ایم ایس ، ای میل اور خطوط ارسال کیے جاچکے ہیں جن میں ممبران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سال 2023-24 کے لیے اپنی سالانہ ممبرشپ کی تجدید مقررہ تاریخ تک کروالیں۔
ممبرشپ کی تجدید کے لیے مقررہ فیس کے ہمرا ہ انکم ٹیکس ریٹرن اور اگر قابلِ اطلاق ہو تو سیلز ٹیکس ریٹرن جمع کرانا ہوگا۔
مقررہ تاریخ تک تجدید نہ کرانے پر ممبرشپ معطل کردی جائے گی جس کے نتیجے میںدرخواست گزار کو ممبرشپ حاصل کرنے کے پورے عمل سے دوبارہ گزرنا ہوگا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ کراچی چیمبر نے فیس کی ادائیگی کے طریقہ کار کو سہل بناتے ہوئے فیس جمع کروانے کے لئے مختلف آپشنز دیئے ہیںلہذا ممبران تجدید کی فیس آن لائن بینکنگ کے ذریعے، میزان بینک یا فیصل بینک کی کسی بھی برانچ میں یا یو پیسہ ایپ کے ذریعے بھی جمع کرواسکتے ہیں اور پے آرڈر کے صورت میں فیس کراچی چیمبرمیں بھی جمع کروائی جاسکتی ہے تاہم جمع کی گئی رقم کی رسید بمع انکم ٹیکس ریٹرن کے ہمراہ کے سی سی آئی میں بھیجنا لازمی ہے۔