کاشتکاروں کو معیاری زرعی زہروں و کھادوں کی مقررہ نرخوں پر فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے،محمد شبیر احمد خان
ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(ٹاسک فورس) پنجاب محمد شبیر احمد خان نے کہا ہے کہ کاشتکاروں کو معیاری زرعی زہروں و کھادوں کی مقررہ نرخوں پر فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے ،پاکستان میں سالانہ تقریبًا 4 ارب16کروڑ روپے سے زائد پیسٹی سائیڈز کا بزنس ہو رہا ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ کاشتکاروں تک معیاری کھادوں و زرعی زہروں کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے فرٹیلائزر و پیسٹی سائیڈ انسپکٹرز ترجیحی بنیادوں پرکام جاری رکھیں ۔
ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(ٹاسک فورس) پنجاب محمد شبیر احمد خان کی زیر صدارت ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد میں معیاری کھادوں و زرعی زہروں کی مقررہ نرخوں پر فراہمی کے متعلق اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع و اڈپٹیو ریسرچ)پنجاب ڈاکٹر انجم علی نے کاشتکاروں تک حکومتی نرخوں پر کیمیائی کھادوں کی بروقت فراہمی بارے اقدامات اورحکومت پنجاب کی طرف سے ملاوٹ سے پاک کھادوں کے متعلق جاری مہم کی پیش رفت بارے بریفنگ دی۔
اس موقع پر چیف سائنٹسٹ، سائل فرٹیلٹی لیبارٹری ٹھوکر نیاز بیگ ، ڈاکٹر قاضی محمد اکرم نے شرکا کو پنجاب کے تمام اضلا ع میں قائم سائل ٹیسٹنگ لیبارٹریز کی تجزیاتی رپورٹس کے اجرا کے متعلق بریف کیا۔اجلاس میں کیمیائی کھادوں و زرعی زہروں کی سیمپلنگ کے عمل اور کورٹ کیسز میں در پیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور انکے فوری حل کیلئے ٹیکنیکل سب کمیٹی تشکیل دی گئی۔
اجلاس کے دوران ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے محکمہ پولیس کوہدایت کی ہے وہ مخبری کی بنیاد پر ریڈ سیمپل کے عمل کے دوران فیلڈ افسران کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور عدلیہ کے اعلی حکام کو سفارش کی کہ وہ ملاوٹ سے پاک کیمیائی کھادوں اور پیسٹی سائیڈز کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت پنجاب کی جاری مہم کے دوران محکمہ زراعت پنجاب کے فیلڈ افسران کی طرف سے دائر کردہ مقدمات کے ترجیحی بنیادوں پر فیصلوں کے لئے تمام ضروری اقدامات کریں ۔