پاک نیپال تجارتی حجم میں روز بروز اضافہ ہورہاہے ، عمیرعلی
نیپال میں پاکستان کے ڈپٹی چیف آف مشن عمیر علی نے کہاہے کہ پاک نیپال تجارتی حجم میں روز بروز اضافہ ہورہاہے ، دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات کا فروغ اہم ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزیبیشن انڈسٹری کے چیئرمین خورشید برلاس سے نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں ملاقات کے موقع کیا ۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان سے نیپال کو چاول اور آم برآمد کیے جاسکتے ہیں جبکہ نیپال دنیا کی بہترین چائے اور کافی پیدا کرتا ہے جس کی درآمد کی جاسکتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ خطہ میں تجارت کے فروغ کیلئے دونوں ممالک کے وفود کے تبادلے کئے جائیں۔
اس موقع پر خورشید برلاس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نیپال کے ساتھ باہمی تجارت کو فروغ دینا چاہتا ہے نیپال کی چائے ، کافی، پشمینا پراڈکٹس، وولن کارپٹ، دستکاری کی مصنوعات، سونے و چاندی کے زیورات، دالیں، آپٹیکل لینزز، کاغذ و کاغذ کی پراڈکٹس اور ہربل میڈیسنز کیلئے پاکستان کی مارکیٹ میں عمدہ مواقع پائے جاتے ہیں جبکہ پاکستان کی ٹیکسٹائل و چمڑے کی مصنوعات، مشینری و پارٹس، ادویات اور میڈیکل ایکویپمنٹ، جوتے و سینڈلز، مصالحہ جات اور ڈرائی فروٹ سمیت دیگر مصنوعات کیلئے نیپال ایک پرکشش مارکیٹ ہے ، پاکستان و نیپال کے درمیان براہ راست روابط کا فقدان باہمی تجارت کی راہ میں سب سے اہم رکاوٹ ہے لہذا دونوں ممالک براہ راست ہوائی روابط کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے کے ساتھ براہ راست تجارت کرنے کے دیگر امکانات کا بھی جائزہ لیں ۔