خواتین کی معاشی خود مختاری یقینی بنانے کیلئے خصوصی ویمن انٹر پرینیورشپ پالیسی متعارف کروائی جائے،کاروباری خواتین کا مطالبہ
ملک بھر کی کاروباری خواتین نے مطالبہ کیا ہے کہ کہ خواتین کی معاشی خود مختاری یقینی بنانے کے لئے ایک خصوصی ویمن انٹر پرینیورشپ پالیسی متعارف کروائی جائے۔ یہ تجویز سمال اینڈ میڈیم ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے زیر اہتمام خواتین تاجروں کے ساتھ منعقدہ ایک آن لائن پری بجٹ مشاورتی اجلاس کے دوران پیش کی گئی۔
اجلاس میں لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، ہزارہ، ڈی جی خان، لیہ، ساہیوال، فیصل آباد، ڈیرہ اسماعیل خان، ملتان، چترال، سرگودھا اور بہاولپور کی تاجر خواتین نے آئندہ بجٹ کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ اجلاس میں ویمن چیمبر کورنگی کی صدر منصورہ شمس، ویمن چیمبر پشاور کی صدر عذرا جمشید، کوئٹہ ویمن چیمبر کی صدر شرمین، ویمن چیمبر ہزارہ کی معصومہ سبطین، ویمن چیمبر چترال کی فرح بشیر، ویمن چیمبر اسلام آباد کی حفصہ معین اور ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ، لاہورکی بانی ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم نے بھی اپنی آرا پیش کیں۔
سی ای او سمیڈا فرحان عزیز خواجہ کی طرف سے سمیڈا کی جنرل منیجر نادیہ جہانگیر سیٹھ، ڈپٹی جنرل منیجر تانیہ بٹر اور مریم انس نے میزبانی کے فرائض انجام دئیے جبکہ اجلاس سے کلیدی مقرر کے طور پر بین الاقوامی ماہر مالیات ڈاکٹر آمنہ خلیفہ نے خطاب کیا۔