جرمنی پاکستان میں ایس ایم ای سیکٹر کے بہتری کیلئے دو نئے منصوبے شروع کر ے گا
جرمنی پاکستان میں اپنے ترقیاتی ادارے جی آئی زیڈ کے توسط سے پاکستان میں ایس ایم ای سیکٹر کی بہتر ی کیلئے دو نئے منصوبے شروع کرے گا۔ یہ بات جی آئی زیڈ کے تین رکنی وفد نے یہاں سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فرحان عزیز خواجہ سے ایک ملاقات کے دوران بتائی۔
جی آئی زیڈ کے وفد میں ایڈوائزر جی آئی زیڈ ہیڈ کوارٹر مس ناناسکابا اور آنکے گرین کے علاوہ کمپوننٹ منیجر محمد عبید شامل تھے ۔ جبکہ سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو کے ہمراہ جنرل منیجر پالیسی اینڈ پلاننگ نادیہ جہانگیر سیٹھ اور جنرل منیجر سنٹرل سپورٹ اشفاق احمد بھی موجود تھے۔ اس موقع پر جی آئی زیڈ کے کمپونینٹ منیجر محمد عبید نے جی آئی زیڈکے تحت پاکستان میں ٹیکسٹائل اور فیشن کے شعبے میں لیبر اور ماحولیات کے معیار کو عالمی سطح پر لانے کے حوالے سے جاری اپنے تین سالہ منصوبے کے بارے میں آگاہی دی اور بتایا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کو بین الاقوامی منڈی میں مسابقت کے قابل بناناہے اور یہ منصوبہ رواں سال کے آخر تک مکمل ہو جائے گا۔
انہوں نے بتا یا کہ اس منصوبے کی کامیابی دیکھتے ہوئے جرمنی نے جو نئے دو منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ان میں ایک ٹیکسٹائل اور فیشن انڈسٹری میں عالمی معیاروں سے متعلق ہی ہے جبکہ دوسرا منصوبہ پاکستان میں خواتین کی معاشی خود مختاری کو فروغ دینے اور ان کیلئے روزگار کے مواقع کو فروغ دینے کے بارے میں ہے۔انہوں نے بتا یا کہ یہ دونوں منصوبے 2024 میں شروع کر دیے جائیں گے اور ان میں ہر مرحلے پر سمیڈا سے مشاورت اور اشتراک عمل جاری رکھا جائے گا۔