وفاقی حکومت کی جانب سے امدادی قیمت مقرر کئے جانے سے کپاس کی پیداوار میں اضافہ ہوگا،کاٹن کمشنر
کاٹن کمشنر ڈاکٹر زاہد محمود نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کپاس کی امدادی قیمت 8500 روپے فی من (40کلو گرام) مقرر کرنے کے اعلان سے کپاس کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔یہ بات انہوں نے سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان کے سینئر زرعی سائنسدانوں سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے کپاس کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے سلسلے میں فوری طورپرمختلف تجاویزمرتب کرنے بارے احکامات موصول ہوچکے ہیں جن پر فوری عملدرآمد کے لئے کام شروع کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لیے شارٹ ٹرم،میڈیم ٹرم اور لانگ ٹرم سٹریٹیجی پر فوری کام کر رہی ہے اور اس سلسلے میں تمام سٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت سے بہت جلد کاٹن پالیسی مرتب کی جائے گی جس سے نہ صرف کپاس کی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ ملکی معیشت کو بھی استحکام ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کپاس کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لیے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اور ان کے احکامات کی روشنی میں وفاقی و صوبائی متعلقہ وزارتیں باہمی مشاورت و تعاون سے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کپاس کی پیداوار میں اضافے کے لیے مستقبل کی پیش بندی کریں گی جبکہ صوبائی حکومتیں کپاس کی مقرر کردہ امدادی قیمت پر عملدرآمد کے لئے ہرممکن اقدامات کریں گی۔