گندم کے کاشتکار موسمیاتی پیش گوئی کے مطابق اپنا شیڈول ترتیب دیں،ترجمان محکمہ زراعت پنجاب

محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہا کہ گندم کے کاشتکار موسمیاتی پیش گوئی کے مطابق اپنا شیڈول ترتیب دیں۔محکمہ موسمیات نے امسال درجہ حرارت میں اضافے اور رواں ماہ کے دوران ہیٹ وویو چلنے کی پیشن گوئی کی ہے،اس لئے گندم کے کاشتکار موسمیاتی پیش گوئی کے مطابق اپنا شیڈول ترتیب دیں تاکہ پیداوار میں کمی سے محفوظ رہیں۔

انہوں نے کہا کہ درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گندم کی فصل کو آبپاشی کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔زرعی ماہرین کے مطابق جب دن اور رات کا اوسط درجہ حرارت25 ڈگری سینٹی گریڈ ہوجائے تو گندم کی پیداوار میں کمی کا امکان موجود ہوتا ہے ۔پچھیتی کاشتہ گندم درجہ حرارت مزید بڑھنے سے متاثر ہو نے کا امکان ہے جبکہ اگیتی (نومبر کاشت) گندم پر درجہ حرارت میں اضافہ سے قدرے کم برے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

اس صورتحال میں گندم کے کاشتکار درجہ حرارت میں اضافہ ہونے پر ہلکی آبپاشی کریں،خاص طور پر20مارچ اور اس کے بعد ہلکی آبپاشی کو معمول بنا لیں تاکہ گندم کی فصل ہیٹ سٹریس سے محفوظ رہے اور گندم کی فی ایکڑپیداوار میں اضافہ ہو۔اس کے علاوہ کاشتکار گندم کی فصل پر کنگی کاحملہ پر نظر رکھیں۔انہوں نے کہا کہ کنگی کا مرض پھپھوندی کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے۔

زرد کنگی کا حملہ پتوں پر ہوتا ہے اور انتہائی شدید حملہ کی صورت میں سٹے بھی متاثر ہوتے ہیں۔پودے کے پتوں پر زرد رنگ کے چھوٹے چھوٹے دھبے متوازی قطاروں میں پوڈر کی صورت میں پائے جاتے ہیں۔بھوری کنگی کا حملہ عام طور پر نچلے پتوں سے شروع ہوتا ہے جس کی وجہ سے پتے کے اوپربھورے رنگ کا زنگ نما پوڈر دکھائی دیتا ہے جبکہ سیاہ کنگی کے حملے میں پتوں اور تنوں پر بیضوی دھبے نمودار ہوتے ہیں جو کہ شروع میں بھورے رنگ کے ہوتے ہیں اور بعد ازاں ان کا رنگ سیاہ ہو جاتا ہے اور سائز میں بڑے ہو جاتے ہیں۔

یاد رہے کنگی کا حملہ سب سے پہلے کھیت میں ٹکڑیوں کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے اور پھر پورے کھیت میں پھیل جاتی ہے لہذا کاشتکار باقاعدگی سے اپنی فصل کا معائنہ کریں اور کنگی کا حملہ ظاہر ہوتے ہی مناسب پھپھوندی کش زہر وں کا محکمہ زراعت کے مقامی عملے کے مشورہ سے سپرے کریں تاکہ یہ بیماری مزید نہ پھیلے۔ترجمان نےکہا کہ اس موسم میں گندم کی فصل پر سست تیلے کا حملہ بھی ہو سکتا ہے اس لئے اس کے مربوط انسداد کیلئے کاشتکار اپنی فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں۔یاد رہے سست تیلے کا حملہ گندم کی فصل پر ٹکڑیوں کی شکل میں ہوتا ہے لہذا جیسے ہی اس کا حملہ نظر آئے متاثرہ کھیت کے حصوں میں پودوں کو رسی سے ہلا کر تیلے کو نیچے گرا لیں۔

By admin

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *