محکمہ زراعت کاچھاپہ،18لاکھ روپے مالیت کی جعلی کھادیں برآمد،3ملزمان گرفتار
محکمہ زراعت کی جعلی کھادوں کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف صوبہ بھر میں کارروائیوں کاعمل جاری ہے ۔ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق اس سلسلے میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع رائےظفرعباس نے دیگر اہلکاروں کے ہمراہ بدھ کے روزخفیہ اطلاع ملنے پرپولیس تھانہ مظفر آباد کی معاونت سے امیرحسن آئل مل نزد کھوکھراں چوک پرچھاپہ مارکرجعلی کھادیں ودیگرمیٹریل برآمدکرلیااورمو قع سے 3 ملزمان حشمت علی، ملک خان محمداورعلی ولدحشمت علی کو گرفتارکرکے حوالہ پولیس کردیا۔ پکڑی گئی جعلی کھادوں کی کل مالیت تقریباً 18 لاکھ روپے بنتی ہے۔چھاپہ کے دوران سرسبزنائٹروفاس کھاد کےتیار17جعلی بیگ و خالی باردانہ بھی برآمد کرلیا
اس کے علاوہ مشینری،آلات ودیگر میٹریل بھی برآمد ہواجوکہ حوالہ پولیس کردیا گیا۔ آئل مل میں غیرقانونی طور پربغیرلائسنس کے کھاد تیارکی جارہی تھی اورجعل سازی کرکے نائٹروفاس کے باردانہ میں بھری جارہی تھی۔ مذکورہ ملزمان کے خلاف پنجاب فرٹیلائزر کنٹرول آرڈر کے تحت تھانہ مظفر آبادمیں مقدمہ درج کروادیاگیاہے۔ ترجمان محکمہ زراعت نے مزید کہا کہ جعلی زرعی مداخل فروخت کرنے والے مافیا کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جارہا ہے اور اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزائیں بھی دی جارہی ہے۔انہوں نے کہاہے کہ حکومت پنجاب جعلی زرعی ادویات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے اصول پر عمل پیرا ہے اور اس کاروبار کی بیخ کنی کیلئے تمام ممکنہ کاروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔