محکمہ جنگلات پنجاب کی گزشتہ سال کی کارکردگی رپورٹ جاری

محکمہ جنگلات پنجاب نے گزشتہ سال کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔ترجمان کے مطابق پنجاب بھر میں جنوری سے دسمبر تک 102 ملین پودے لگائے گئے اور سب سے زیادہ 2 ملین پودے بہاولپور میں لگائے گئے ۔ دوسری جانب ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت لگائے گئے مجموعی پودوں کی تعداد31 کروڑ ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال پنجاب بھر میں 2614 آگاہی پروگرام منعقد کئے گئے جبکہ شجرکاری کی ترغیب دینے سے متعلق دیگر آگاہی سرگرمیوں کی تعداد 3159 رہی۔ محکمہ جنگلات نے گزشتہ سال 34 ملین ہدف کے مقابلے میں 35 ملین پودے لوگوں میں مفت تقسیم کئے جبکہ 23 نئی سرکاری نرسریوں کا بھی اضافہ ہوا جس سے پنجاب بھر میں نرسریوں کی مجموعی تعداد 460 ہوگئی۔

دوسری جانب جانوروں کی بریڈنگ کے نتیجے میں سفاری زو میں 381 اور چڑیا گھر میں 287 جانوروں اور پرندوں کا اضافہ ہوا۔ وزیر جنگلات سید عباس علی شاہ اور سیکرٹری جنگلات شاہد زمان نے کارکردگی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ سال کے دوران فاریسٹ پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے مجموعی کارکردگی میں بہتری اور شجرکاری اور جانوروں کے تحفظ بارے شعور و آگاہی پیدا کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کیے گئے۔ انہوں نے 2023 میں اسی ویژن کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نئے سال میں شجرکاری اہداف کی تکمیل، جانوروں کی بریڈنگ بڑھانے اور جنگلی حیات کی بقا اور تحفظ کیلئے چڑیا گھروں اور سفاری پارکوں کی ری ماڈلنگ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ کے افسران کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

By admin

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *