کاشتکار کماد، چاول‘مکئی اور کپاس کے مڈھوں کو تلف کرکے سنڈیو ں کاخاتمہ کرسکتے ہیں.ترجمان محکمہ زراعت قصور
ترجمان محکمہ زراعت قصورنے کہا ہے کہ کاشتکار کماد، چاول،مکئی اور کپاس کے مڈھوں کو تلف کرکے نہ صرف سنڈیو ں کاخاتمہ کرسکتے ہیں بلکہ اس سے زہروں کے استعمال کی ضرورت میں نمایاں کمی کیساتھ فی ایکڑ پیداوار بھی بڑھا سکتے ہیں۔
انہوں نے ”اے پی پی“کوبتایا کیونکہ یہ سنڈیوں سردیوں کا موسم مڈھوں میں گزارتی ہیں اور نئی کاشتہ فصل پر حملہ آورہوجاتی ہیں اگرمڈھوں کو تلف کردیں گے توسنڈیاں خود بخودتلف ہوجائیں گی جس سے نئی کاشتہ فصلات مختلف نقصان رساں کیڑوں اور سنڈیوں کے حملے سے کافی حد تک محفوظ ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ان دنوں ہمارے کھیتوں میں کماد، دھان، کپاس، مکئی اور چری کے مڈھ موجود ہیں‘کماد کے مڈھوں میں تنے کی سنڈی، جڑ کی سنڈی اور گرداس پور سنڈی‘ سردیاں گزارتی ہیں اگرہم زمین سے برابر سطح پر کماد کی کٹائی کریں گے تو کافی حد تک مڈھوں میں موجود سنڈیاں تلف ہوجائیں گی اور اس کے بعد فصل کی کٹائی مکمل ہونے پر کھیتوں میں اچھی طرح سے روٹا ویٹرچلانے پرمڈھ کھیتوں میں ہی کترے جائیں گے اس طرح بچی ہوئی سنڈیاں بھی تلف ہوجائیں گی۔