گندم کی بوائی بیج کی عدم دستیابی کے باعث تاخیرکاشکارہوگئی ہے ،صدرکسان بورڈ خیبر پختونخوا
کسان بورڈ خیبر پختونخواکے صدر رضوان اللہ نے کہا خیبر پختونخوا میں گندم کی بوائی بیج کی عدم دستیابی کے باعث کھٹائی کا شکار ہوگئی ہے۔ جس کے باعث گندم کی فصل متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ 25اکتوبر سے نہری وبارانی علاقوں میں گندم کی بوائی کا عمل شروع کیا جاتا ہے تاہم اب تک کاشتکاروں کو نہ تو گندم کا بیج مل سکا ہے اور نہ ہی ان سے مانگ طلب کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گندم کی بوائی اس وقت تاخیر کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ عام حالات میں 15اکتوبرسے بارانی علاقوں میں بوائی کا عمل شروع ہوجاتا ہے تاہم محکمہ زراعت کی جانب سے اب تک گندم کی فراہمی شروع نہیں کی گئی ہے ۔اسی طرح کاشتکاروں سے ان کی گندم کے بیج سے متعلق مانگ بھی نہیں طلب کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہری علاقوں میں 25اکتوبر کو بوائی شروع کی جاتی ہے ۔ رضوان اللہ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے سیلاب سے متاثرہ 1 ایکڑ اراضی پر1لاکھ روپے امداد دینے کا بھی اعلان کیا تھا۔تاہم وہ اعلان اب تک عملی حیثیت حاصل نہیں کر سکا ہے جس کی وجہ سے کاشتکاروں کو مالی مشکلات بھی درپیش ہیں۔