پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں مشاورت کے لیے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اہم پارٹی رہنماؤں کو طلب کر لیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اجلاس میں سینئیر پارٹی قیادت سے اہم مشاورت کریں گے اور پارٹی رہنماؤں کی طرف سے لانگ مارچ کی تیاریوں پر بریف کیا جائے گا۔ سینیٹر شبلی فراز کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ عمران خان خود لانگ مارچ کی تیاریوں کو حتمی شکل دے رہے ہیں، عمران خان کی ہونے والی تمام میٹنگز کا محور لانگ مارچ ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی سرگودھا یونیورسٹی میں طلبا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا حقیقی آزادی کی جنگ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، بہت جلد لانگ مارچ کی کال دینے والا ہوں۔