حکومت زراعت اور لائیو سٹاک کو استعداد کار میں اضافے کیلئے درکار وسائل فراہم کرے گی،وزیراعلی گلگت
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نےکہا ہے کہ محکمہ زراعت، لائیو سٹاک، فشریز اور ڈیری کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، حکومت ان اداروں کی استعداد کار میں اضافے کیلئے درکار وسائل فراہم کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلگت بلتستان زرعی اجناس، لائیوسٹاک اور فشریز کی پیدوار میں خودکفالت حاصل کرنے کیلئے قائم اصلاحاتی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئےکیا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے اور لائیو سٹاک کے فروغ کیلئے محکمہ زراعت،جی بی آر ایس پی، ای ٹی آئی مل کر مربوط پالیسی کے تحت کام کریں تاکہ زرعی شعبے کو بہتر انداز میں فروغ دیا جاسکے، مقامی کسانوں کو گندم کے معیاری بیچ فراہم کئے جائیں گے اور کاشتکاری کے حوالے سے ٹیکنیکل سپورٹ دی جائے گی، حکومتی سطح پر پہلی مرتبہ خصوصی اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جارہا ہےجو گندم کی سپورٹ پرائس کا تعین کرے گی، مقامی کسانوں سے حکومتی متعین کردہ سپورٹ پرائس پر گندم کی خریداری عمل میں لائی جائے گی، کسانوں سے گندم کی خریداری کا عمل بھی اتھارٹی کی ذمہ داری ہوگی، گلگت بلتستان میں غیر معیاری کھاد اور بیچ کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد کی جائے گی، غیر معیاری کھاد اور بیچ فروخت کرنے والوں کیخلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خالد خورشید نے کہا کہ ای ٹی آئی کے تحت آباد کی جانے والی زمینوں میں بھی گندم کاشت کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔انہوں نے سیکرٹری زراعت کو ہدایت کی کہ گاؤں کی سطح پر نرسریوں اور محکمہ زراعت کے پاس موجود زمین میں بھی نرسریوں کے قیام کیلئے اقدامات کرے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہزراعت، لائیو سٹاک اور فشریز کی ترقی کیلئے 1ارب مالیت کے خصوصی پیکیج کی منظوری دی گئی ہے، ان شعبوں میں اصلاحات متعارف کرکے حقیقی معنوں میں عوام کی ترقی اور فلاح بہبود یقینی بنائیں گے، زرعی اصلاحاتی کمیٹی کا قیام اور اجلاس اس حوالے سے اہم سنگ میل ہے۔