پاکستان ( Pakistan ) میں سیلاب ( Flood 2022 ) متاثرین کی امداد کیلئے چین ( China ) نے 10 کروڑ یوآن امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان میں تعینات چین کے سفیر نے آج بروز منگل 30 اگست کو وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ اہم ملاقات میں چین کے سفیر نے وزیراعظم پاکستان کو چین کی جانب سے متاثرین کو دی جانے والی امداد سے متعلق آگاہ کیا۔چین کے سفیر نے بتایا کہ مشکل کی اس گھڑؑی میں چین کی حکومت سیلاب متاثرین کیلئے 10 کروڑ یوآن امداد دے گی، جب کہ پچیس ہزار خیموں اور دیگر امدادی اشیا بھی عطیہ کی جائیں گی۔چین کے سفیر کے مطابق چین کی فضائیہ تین سو خیموں کی پہلی کھیپ آج 30 اگست اور کل 31 اگست کو کراچی پہنچائے گی۔امداد کے اعلان کے ساتھ ہی پاکستان میں تعینات چین کے سفیر نونگ رونگ نے چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ کی جانب سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف کو خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔چین کی قیادت کی جانب سے دیئے گئے پیغام میں پاکستان میں سیلاب سے جانی اور مالی نقصان پر پاکستان کی قیادت اور عوام سے افسوس اور بھرپور یک جہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔چینی سفیر کے ساتھ ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح چین کی قیادت اور عوام نے پاکستان دوستی اور فراخ دلی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے چینی صدر اور وزیر اعظم کا تہِ دل سے شکریہ بھی ادا کیا۔