اسلام آباد:(گرین ٹی وی) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے مختلف حصوں بالخصوص بلوچستان میں سیلاب اور بارشوں سے ہونے والی تباہی پر امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
شہباز شریف نے بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی اموات اور مالی نقصانات پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزراء اعلیٰ کو سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ عوام کی امداد کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت کی۔
انہوں نے حکم دیا کہ وزراء اعلیٰ اپنے اپنے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف کے اقدامات کی ذاتی طور پر نگرانی کریں، این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز صوبائی حکومتوں اور متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر ہنگامی اقدامات تیز کرے۔
وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو کوئٹہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب، پشین، ہرنائی، خوشنوب، قمرالدین اور مسلم باغ سمیت تمام متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ملک بھر بالخصوص بلوچستان میں مکانات گرنے سے متاثرہ عوام کو فی الفور ریلیف فراہم کیا جائے، وزیراعظم نے سندھ بالخصوص کراچی، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے متاثرہ علاقوں میں بھی ریلیف اور ریسکیو آپریشن کے لئے موثر کوآرڈینیشن کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات مہیا کی جائیں، متاثرہ عوام کی محفوظ علاقوں میں منتقلی اور دیکھ بھال یقینی بنائی جائے، متاثرہ علاقوں کا سروے کرانے کا بھی اہتمام کیاجائے تاکہ عوام کے نقصانات کے ازالے کے حوالے سے حکمت عملی تیار کی جا سکے۔

شہباز شریف نے متاثرہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے وزراء اور ارکان پارلیمنٹ ریسکیو اور ریلیف کے اقدامات میں معاونت کرنے کی بھی ہدایت کی۔

By admin

Leave a Reply

Your email address will not be published.