محکمہ زراعت پنجاب نے کپاس کے کاشتکاروں کو ہدایت جار ی کر تے ہوئے کہا ہے کہ کپاس کے کھیت میں 24گھنٹے سے زیادہ دیر تک پانی کھڑارہنے سے فصل کی بڑھوتری رک جاتی ہے پودے مرجھانے سے بچانے کیلئے 48 گھنٹوں کے اندر اندر پانی کانکاس یقینی بنائیں۔اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے خالد اقبال اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد نے بتایاکہ اگر 24 سے 48 گھنٹوں تک بارش کا پانی کپاس کے کھیت میں کھڑارہے تو پودے مرجھانا شروع ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ فصل کو زیادہ پانی کے نقصان سے بچانے کیلئے کپاس کے کھیت میں کھڑاپانی کسی خالی نچلے کھیت میں نکال دیاجائے اور اگر قریب ہی کماد کی فصل کاشت ہو اور اس میں پانی ڈالا جاسکتاہو تو اس کھیت میں پانی ڈال کر اس کے مفید نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اگر پانی کپاس کے کھیت سے باہر نہ نکالاجاسکتاہو تو کھیت کے ایک طرف لمبائی کے رخ کھائی کھود کر پانی اس میں جمع کردیاجائے۔

انہوں نے کہاکہ زیادہ بارشیں کپاس کے پودے پر منفی اثرات مرتب کرتی ہیں جس سے پودوں کی غیر ثمر دار بڑھوتری میں تیزی آجاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ کپاس کے کھیتوں کے اندر اور باہر دوسری نظر انداز جگہوں پر جڑی بوٹیوں کی بھرمار ہو جاتی ہے جس کے نتیجہ میں نقصان رساں کیڑوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو جاتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار موسم برسات کے دوران کسی غفلت کامظاہرہ نہ کریں اور اس ضمن میں ماہرین زراعت کی رہنمائی سے بھی استفادہ یقینی بنائیں۔

By admin

Leave a Reply

Your email address will not be published.