کاشتکاروں کو پھول گوبھی کی قسم اگیتی نمبر 2 کی پنیری کی کاشت یکم جولائی سے شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے کہا کہ کاشتکارمقررہ وقت پر کاشت شروع کرکے مذکورہ عمل 15جولائی تک مکمل کریں نیز اگیتی اقسام کیلئے ایک کلوگرام بیج جبکہ پچھیتی اقسام کیلئے آدھا کلوگرام بیج فی ایکڑاستعمال کیاجائے۔
انہوں نے کہاکہ بیج کو بیماریوں سے بچانے کیلئے مناسب پھپھوندی کش زہر بحساب 2گرام فی کلوگرام بیج لگا کر کاشت کریں اورذرخیزو نامیاتی مادوں سے بھر پور زمین کا انتخاب کریں ۔ انہوں نے کہاکہ آبپاشی کیلئے پانی ہر لحاظ سے موزوں اور پھپھوند ی والی بیماریوں سے پاک ہوجبکہ کیاریوں کی زمین بالکل ہموارو بھر بھری اورجڑی بوٹیوں سے پاک ہو۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار120×100میٹر رقبہ پر 10سینٹی میٹر بلند بالکل ہموار کیاریاں بنالیں تاکہ بارش ہونے کی صورت میں پانی پنیری والی جگہ پر نہ ٹھہر سکے۔

انہوں نے کہاکہ تیار شدہ کیاری میں6 تا 7سینٹی میٹر کے فاصلے پرا یک سینٹی میٹر گہری لکیروں میں مناسب کیرا کریں اور بیج کے اوپر مٹی کی ہلکی سی تہہ لگادیں نیز پنیری کو شام کے وقت کاشت کریں اور صبح شام آبپاشی فوارے سے اس طرح کی جائے کہ زمین وتر حالت میں رہے۔انہوں نے کہاکہ اس طرح تین چار دن میں پنیری اگ آئے گی۔انہوں نے بتایاکہ اگیتی اور درمیانی اقسام کی پنیری 35سی40دنوں میں جبکہ پچھیتی اقسام کی 35دنوں میں منتقلی کے قابل ہوجاتی ہیں۔

By admin

Leave a Reply

Your email address will not be published.