معصوم جنگلی پرندوں کی بقا و تحفظ کیلئے سول سوسائٹی کاکردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس کارخیرمیں تمام لوگوں کو بڑھ چڑھ کرحصہ لینا چاہیے ۔ معصوم اور بے زبان مخلوق ہمار ا قیمتی اثاثہ جس کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے عوام کو چاہیے کہ وہ حکومت کے شانہ بشانہ جنگلی حیات کے تحفظ و فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔
ترجمان محکمہ جنگلی حیات نے جاری ایک بیان میں کہا کہ ایسا ہی رضا کارانہ تعاون اور جذبہ گوجرانوالہ شہرکی ایک مقامی تنظیم “یار مددگار “کی مختلف کارروائیوں میں دیکھنے کو مل رہا ہے جو پچھلے کئی ماہ سے وائلڈلائف کنزرویشن کے حوالے سے سرانجام دے رہی ہے ۔تنظیم نے گزشتہ سال محکمہ جنگلی حیات گوجرانوالہ ریجن کے اشتراک سے شہر کے ہوٹلوں اور ریستورانوں میں جنگلی حیات کے گوشت سے مزین پکوان کی روک تھام کیلئے منعقد کی گئی عوامی آگاہی واک میں بھرپور حصہ لیا اورمحکمہ کیساتھ ملکر شہر کے بڑے بڑے ہوٹلوں اور ریستوران مالکان کو اس بات پررضا مند کرلیا کہ وہ ہرگز جنگلی حیات کے گوشت سے مزین پکوان تیار نہیں کریں گے نیز معصوم پرندوں کی خریدو فروخت کرنیوالے متعدد افراد کو متبادل روزگا ر دے کر اس مکروہ کاروبار کی روک تھام میں اہم کردار اداکیااور اب یہ تنظیم شہر کے مختلف مقامات پر معصوم پرندوں کیلئے پرکشش جگہوں پر گھونسلے تنصیب کررہی ہے تاکہ ان میں پرندے آرام کریں اور ان کی بہتر افزائش نسل ہو سکے ۔
انکا کہنا تھا کہ مزید براں حوصلہ افزا امر یہ ہے کہ انہوں نے اس مہم میں مقامی سکولوں و کالجوںکو بھی شامل کرلیا ہے جس سے یقینابچوں میں جنگلی حیات سے محبت اجاگر ہوگی اور یہ عمل جنگلی حیات کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا ۔