پاکستان مسلم لیگ قیوم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات فیصل بھٹی نے قومی اداروں کی موجودہ صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت، قومی اداروں کو تباہی سے بچانے کے لیے فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے انہی اداروں کے مخصوص ریٹائرڈ افسران پر مبنی کمیٹیاں تشکیل دے اور انکی سفارشات پر سنجیدگی سے عمل درآمد کروائے۔ قومی ائیر لائن پی آئی اے سمیت متعدد قومی ادارے اس وقت بدحالی، بد کرداری، کرپشن اور کام چوری کا شکار ہیں جسکی وجہ سے حکومتی خزانے پر ان اداروں کا بوجھ بڑھتا جا رہا ہے۔ فیصل بھٹی نے کہا کہ ان اداروں کی معاشی اور مالی بحالی کے لیے ریٹائرڈ افسران کو مانیٹرنگ ٹیم میں شامل کر کے انکے تجربے سے اداروں کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ پی آئی اے سمیت کچھ اداروں کے ریٹائرڈ افسران کی پنشن نہ ہونے کے برابر ہے انکی پنشن میں بھی دس فیصد فوری اضافہ کیا جائے۔
مسلم لیگ قیوم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات فیصل بھٹی نے حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی معاشی اور مالی حالت پر فوری آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے اور سب کی سفارشات پر غور کیا جائے تاکہ ملک مضبوط اور مستحکم ہو سکے۔ انہوں نے قومی سیاسی پارٹیوں کے سربراہان سے اپیل کی ہے کہ ملک کا دیوالیہ نکلنے سے متعلق بیانات سے پرہیز کیا جائے۔ یہ ملک پلیٹ پر رکھ کر حاصل نہیں کیا گیا تھا اور نہ ہی کسی نے خیرات میں دیا تھا۔ ہمیں اپنے دوست اور دشمن کو پہچاننے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ پاک فوج سمیت اس ملک کا ہر شہری وطن کی حفاظت اور ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔