محکمہ زراعت ملتان کے زیر اہتمام تیلدار اجناس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت کاشتکارو ں کے درمیان صحت مندانہ مسابقت پیدا کرنے کیلئے مالی سال2021-22 کوسورج مکھی کے ضلعی اور صوبائی سطح پر پیداواری مقابلہ کا انعقاد کیا گیا۔جس کے لئے محکمہ زراعت نے ملتان،ڈی جی خان، بہاولپور ساہیوال،سرگودھا اور گوجرانوالہ ڈویژن کے خواہشمند کاشتکاروں سے درخواستیں طلب کیں۔

ترجمان محکمہ زراعت نے بتایا کہ سورج مکھی کی پیداوار حاصل ہونے پر محکمہ زراعت کی کمیٹیوں نے تمام کاشتکاروں کی فصلات کی پیداوار کا جائزہ لیا اور صوبائی کمیٹی کو زیادہ پیداوار لینے والے مقابلہ میں شریک کاشتکاران کی فہرست منظوری کے لئے ارسال کی۔

اس ضمن میں سورج مکھی کے پیداواری مقابلہ کوصوبائی سطح پر حتمی منظوری دینے کے لئے ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(ٹاسک فورس) پنجاب رانا علی ارشد کی سربراہی میں سول سیکرٹریٹ میں اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں کمیٹی نے تیلدار اجناس کے فروغ کے لئے جاری قومی منصوبہ کے تحت سورج مکھی کے پیداواری مقابلہ 2021-22 میں جیتنے والے کاشتکاروں کے ناموں کی حتمی منظوری دیدی۔

صوبائی سطح پرضلع سیالکوٹ کے وکیل احمدولد گھسیٹو خان نے49.37من فی ایکڑ پیداوار حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(ٹاسک فورس) پنجاب رانا علی ارشد نے پیداواری مقابلہ میں جیتنے والے کاشتکاروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مقابلہ جات کاشتکار بھائیوں کے مابین صحتمندانہ مسابقت کا جذبہ پیدا کرتے ہیں اور اس سے دوسرے کاشتکارروں میں آگے بڑھنے کی تحریک پیدا ہوتی ہے جس سے پیداواری اہداف کا حصول ممکن ہوتا ہے۔

کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے صوبائی سطح پر پہلا انعام جیتنے والے کو 5 لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا جبکہ ڈویژنل سطح پر پہلی،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کو بالترتیب3 لاکھ،2 لاکھ اور 1 لاکھ روپے کے نقد انعامات دئیے جائیں گے۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل زراعت(توسیع) ڈاکٹر محمد انجم علی، ڈپٹی ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب رائے مدثر عباس و دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

By admin

Leave a Reply

Your email address will not be published.