لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے بہترین شعبوں میں بھرپور سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبہ سازی کی دعوت دی ہے۔ وہ منگل کو لاہور چیمبر میں اعلی سطحی سعودی وفد سے خطاب کررہے تھے، سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن، نائب صدر حارث عتیق، سعودی وفد کے سربراہ فہد الباس، سعودی سفارتخانے کے ٹریڈ اتاشی مبشر الشہری ، لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی کمیٹی اراکین اور سابق عہدیداران نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

وفد میں کنسٹرکشن ، انفراسٹرکچر، توانائی، سیاحت اور فارماسیوٹیکل سمیت ملک کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے ۔وفد کے سربراہ فہد الباس نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرنہ تعلقات ہیں۔

انہوں نے وزیر اعظم پاکستان کے ساتھ ہونے والی حالیہ ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی سطح پر دونوں ممالک کی تاجر برادری کو تجارت و سرمایہ کاری کے لئے ہر ممکن تعاون بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی بزنس کمیونٹی پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی خواہاں ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ پاکستان سے سعودی عرب کو چاول، پھلوں اور سبزیوں، حلال گوشت، آم، ادویات، ماربل اور گرینائٹ کی مختلف اقسام کی برآمدات میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر لاہور چیمبر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ ہم سعودی عرب کو اسلام کا مرکز سمجھتے ہیں،سعودی عرب نہ صرف اسلامی تعاون تنظیم میں پاکستان کا ساتھی رکن ہے بلکہ دونوں ممالک کے مابین برادرانہ، دوستانہ اور گہرے تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ، عرب دنیا کی سب سے بڑی معیشت ہے اور پاکستان کو اپنے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید بڑھانے کے طریقے تلاش کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد بطور تارکین وطن بھی مقیم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی بزنس کمیونٹی کی جانب سے اپنے پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ جوائنٹ وینچرز میںدلچسپی ظاہرکرنے کو خوش آئند قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ تجارتی وفود کے تبادلے تجارت بڑھانے کا ایک مو ثر ترین ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ2021 میں سعودی عرب سے پاکستان کی درآمدات 3.78 بلین ڈالر رہی جبکہ سعودی عرب کو ہماری برآمدات 404 ملین ڈالر کے لگ بھگ رہیں جوکہ گزشتہ سال برآمدات کا حجم 432 ملین تھیں۔سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن نے دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم کو بڑھانے کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں مشترکہ منصوبوں کے لئے موزوں شعبوں کی نشاندہی کرنا ہوگی۔

پاکستان کے پاس صنعتی اور زرعی منصوبوں کے لیے تربیت یافتہ افرادی قوت اور وافر زمین موجودہے، اگر سعودی سرمایہ کار ہمارے مقامی صنعت کاروں کے ساتھ مل کر کام کریں تو دونوں ممالک اس سے مستفید ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے دونوں ممالک کے متعلقہ نجی شعبوں کے درمیان قریبی رابطہ ہونا ضروری ہے۔ اس موقع پر خطا ب کرتے ہوئے نائب صدر لاہور چیمبر حارث عتیق نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری بہت جلد سعودی عرب کے لئے وفد تشکیل دے گا۔  انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کو تجارتی و معاشی تعلقات کے استحکام کے لئے ویزا پالیسی میں آسانی لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونو ں ممالک کے مابین برادرنہ تعلقات کے مزید فروغ کے لئے پاکستانیوں کے لئے ویزا پالیسی میں خصوصی نرمی کی جائے۔

By admin

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *