ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادچوہدری عبدالحمیدنےکاشتکاروں کو دھان کی پنیری کو ضرررساں کیڑوں کے حملہ سے محفوظ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنیری جتنی صحت مند ہو گی کھیت میں منتقلی کے بعد پودا اتناہی تندرست و توانا ہونے کے باعث زیادہ جھاڑ بنائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ دھان کی پنیری کو عام طور پر ٹوکا، سفید پشت والا تیلہ،تنے کی سنڈیاں اور پتہ لپیٹ سنڈی زیادہ نقصان پہنچاتی ہیں اسلئے کاشتکار پنیری کو ان ضرر رساں کیڑوں سے بچانے کیلئے وٹوں اور کھیتوں کو ہر قسم کی جڑی بوٹیوں سے پاک رکھیں تاکہ متبادل خوراک کی کمی کی وجہ سے کیڑوں کی نشوونما رک جائے اور صحت مند پنیری حاصل کی جا سکے۔

 

انہوں نے کہا کہ اگر اس تدبیر سے دھان کی پنیری پر ضرررساں کیڑوں کا حملہ نہ رکے توکاشتکار پنیری کی پیسٹ سکاؤٹنگ کرنے کے بعد ان کی معاشی نقصان کی حد کو مد نظر رکھ کرمحکمہ زراعت توسیع اور پیسٹ وارننگ کے مقامی عملہ کی مشاورت سے کیمیائی زہروں بالخصوص دانے دار زہروں یاسرائت پذیر زہروں کا استعمال کریں۔

انہوں نے کہاکہ روشنی کے پھندے پر 4 سے 5 تنے کی سنڈیوں کے پروانے فی رات، ٹوکہ 2 سے 3 بالغ یا بچے فی مربع میٹر اور سوک 0.5 فیصد کیڑوں کے معاشی نقصان کی حد ہے۔

 

انہوں نے بتایاکہ دھان کی پنیری چونکہ مختلف سائز اور شکل کی ٹکڑیوں میں کاشت کی جاتی ہے لہٰذا اس میں پیسٹ سکاؤٹنگ کرتے وقت ایک مربع فٹ کاچوکھٹا استعمال اور کھیت کے سائز اور شکل کے مطابق 4مختلف مقامات کا انتخاب کیاجائے، پھر پودوں کی کل تعداد اور ان میں متاثرہ شاخیں نوٹ کرلیں تاکہ حملہ فیصد معلوم کیاجاسکے۔ انہوں نے کہاکہ ضرررساں کیڑوں سے حفاظت کیلئے دھان کی پنیری پر 2 مرتبہ زہرپاشی کی جائے جس میں پہلی زہرپاشی (دھوڑا) پنیری کاشت کرنے کے 8 سے 10 دن بعد جبکہ دوسری زہرپاشی اس وقت کی جائے جب پنیری 15 دن کی ہو جائے۔

 

انہوں نے کہاکہ کاشتکار دھوڑا یا سپرے کرتے وقت کھیت کے وٹوں پر بھی اچھی طرح زہرپاشی کریں تاکہ گھاس اور جڑی بوٹیوں میں چھپی ہوئی تنے کی سنڈیاں اور ٹوکہ بھی تلف ہو جائیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار تنے کی سنڈی کے تدارک کیلئے کھڑے پانی میں دانے دار زہر کا استعمال کریں اور یہ پانی 5سے 7 دن تک کھیت میں کھڑا رہنے دیں۔انہوں نے کہاکہ ایسی زمین جہاں پانی کھڑا نہیں ہوسکتا یا خشک طریقہ سے پنیری کاشت کی جاتی ہے وہاں سپرے والی زہروں کا استعمال انتہائی مفید ثابت ہو سکتاہے۔

By admin

Leave a Reply

Your email address will not be published.