December 3, 2021

گندم کی فی ایکڑ پیداوار کے لیے کھادوں کا متوازن استعمال وقت کی ضرورت ہے،مقررین

نواب شاہ  نوابشاہ میں گندم کی منافع بخش کاشت کے موضوع پر ایف ایف سی کی جانب سے سیمینار منعقد کیا گیا جس میں ایف ایف سی کے فارم ایڈوائزری سنٹر حیدر آباد کے ہیڈ جلیل احمد جروار ، ریجنل مینیجر قدیر احمد ، سیلز آفیسر احمد جواد اور زرعی آفیسر عمیر اسلام ، ڈائریکٹر زراعت توسیع شہید بینظیر آباد عبدالمجید وسطرو، ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد رمضان چنا اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
پروگرام کے مہمان خصوصی ڈاکٹر کریم بخش لغاری، ڈائریکٹر گندم تحقیقاتی ادارہ ، سکرنڈ تھے۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے جلیل احمد جروار نے کاشتکاروں کو ایف ایف سی کی جانب سے دی جانے والی مفت زرعی خدمات کے ساتھ ساتھ کھادوں میں موجود غذائی اجزا کی پودوں کے لیے اہمیت اور کھادوں کے متوازن استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گندم کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لیے کھادوں کا متوازن استعمال نہایت ضروری ہے۔
ایف ایف سی کے ریجنل ہیڈ قدیر احمد نے ایف ایف سی کی سماجی خدمات کے ساتھ ساتھ کمپنی کی جانب سے کاشتکاروں کے لیے معیاری کھادوں کے متعلق آگاہ کیا۔ پروگرام کے مہمان خصوصی ڈاکٹر کریم بخش لغاری نے ایف ایف سی کی جانب سے سیمینار منعقد کرنے پر ایف ایف سی کا شکریہ ادا کیا اور کاشتکاروں کو ایف ایف سی کی جانب سے مفت مٹی اور پانی کے تجزیہ کی سہولت سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا۔ کاشتکاروں نے بڑی تعداد میں پروگرام میں شرکت کی اور سوال و جواب کے سلسلے میں بھرپور حصہ لیا۔ کاشتکاروں کو گندم کی بہتر کاشت کے موضوع پر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔